محکمہ جات کی کارکردگی پر نظر رکھنا اسمبلی کمیٹی کی ذمہ داری: پوچارم سرینواس

   

اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس، صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی اور ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کی شرکت
حیدرآباد۔ 5 ڈسمبر (سیاست نیوز) اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس آج کمیٹی ہال میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے صدرنشین اکبر اویسی کے صدارت میں منعقدہ اجلاس میں اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، وزیر امور مقننہ ایم پرشانت ریڈی اور کمیٹی کے ارکان جئے پال یادو، آر رویندر کمار، ڈی سریدھر بابو، ایس وینکٹ ویریا، بی گنیش گپتا، جی وٹھل ریڈی، پی سدرشن ریڈی، جی کشور کمار، پی راجیشور ریڈی، امین الحسن جعفری، ڈی راجیشور رائو کے علاوہ ڈپٹی اکائونٹنٹ جنرل سنتوش اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 1958ء سے اپوزیشن کے لیڈر کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کا صدرنشین مقرر کرنے کی روایت جاری ہے۔ انہوں نے کمیٹی سے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی دیگر کمیٹیوں کے مقابلے منفرد اور علیحدہ شناخت رکھتی ہے۔ حکومت کی کارکردگی اور نظم و نسق کے کام کاج پر کمیٹی نظر رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمہ جات کی اپنی مرضی مطابق خرچ نہیں کرسکتے۔ کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ بجٹ میں الاٹ کردہ رقومات کے محکمہ جات کی جانب سے خرچ کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی مختلف محکمہ جات کی کارکردگی پر حکومت کو رپورٹ پیش کرتی ہے۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے صدرنشین اور ارکان کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی مختلف محکمہ جات سے متواتر اجلاس منعقد کرتے ہوئے فنڈس کے خرچ پر رپورٹ طلب کرتی ہے اور حکومت کو سفارشات پیش کرتی ہے۔ وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی نے کہا کہ پی اے سی کمیٹی پر بھاری ذمہ داری ہے۔ حکومت کی جانب سے عوام کے لیے خرچ کی جانے والی رقم کا جائزہ لینا کمیٹی کا کام ہے اور اسی لیے اپوزیشن قائد کو کمیٹی کا صدرنشین مقرر کیا جاتا ہے جو جمہوریت میں خوش آئند مثال ہے۔