محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کی انسانی حقوق کمیشن میں طلبی

   

حیدرآباد: تلنگانہ انسانی حقوق کمیشن نے ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر ناگر کرنول کو کمیشن کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ امرآباد ٹائیگر ریزرو علاقہ میں گزشتہ ہفتہ محکمہ جنگلات کے عہدیداروںکی جانب سے قبائلیوں پر حملہ کے واقعہ کے سلسلہ میں فاریسٹ آفیسر کو طلب کیا ہے۔ مقامی قبائلیوں نے انسانی حقوق کمیشن سے شکایت کی ہے کہ 16 خواتین اور 8 مرد جنگلاتی علاقہ سے پکوان کیلئے لکڑی جمع کر رہے تھے کہ فاریسٹ عہدیداروں کی ٹیم نے وہاں پہنچ کر مار پیٹ کی۔ فاریسٹ عہدیداروں کے غیر انسانی سلوک کے خلاف کمیشن سے شکایت کی گئی۔ عہدیداروں کی آمد پر خاص قبائلی بھاگ کھڑے ہوئے جبکہ وہاں موجود قبائلیوں کو مار پیٹ کی گئی جس کے نتیجہ میں کئی افراد زخمی ہوگئے ۔ انسانی حقوق کمیشن نے درخواست گزاروں کو علاج کیلئے مقامی سرکاری دواخانہ سے رجوع ہونے کی ہدایت دی اور سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل سے رپورٹ طلب کی ہے۔