محکمہ رجسٹریشن نے آمدنی میں اضافہ کرنے پر توجہ مرکوز کی

   

ٹھرڈ پارٹی کی رپورٹ اور ایڈوائٹزری کمیٹی کے اندازوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا
حیدرآباد /7 جولائی ( سیاست نیوز ) محکمہ اٹامس اینڈ رجسٹریشن نے ایک بار پھر اپنی آمدنی بڑھانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔تلنگانہ میں آخری مرتبہ اراضیات کی مارکٹ قدر ( ویلیو ) میں 2021 کے دوران نظرثانی کی گئی تھیں اور 2022 میں اسٹامپ ڈیوٹی پر نظر ثانی کی گئی تھیں۔ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے رہنمائے خطوط کے مطابق قیمتوں پر ہر سال نظرثانی ہونی چاہئے ۔مقامی حالات کو دیکھتے ہوئے حکومت نے اس معاملے میں پیشرفت سے گریز کیا تھا ۔ محکمہ رجسٹریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاست میں جہاں اراضیات کی قیمت زیادہ ہیں وہاں اتنی آمدنی نہیں ہو رہی ہے ۔ جتنی توقع کی جارہی تھی۔ اگر فیلڈ کے حالات کے مطابق نظرثانی کی جائے تو بڑی مقدار میں ریونیو حاصل ہونے کی توقع کی جارہی ہے ۔ تقریباً 5 ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی ہونے کا تخمینہ لاگیا جارہا ہے۔ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ نے گذشتہ سال ریاست بھر میں مارکٹ ویلیو اور عام قیمتوں کامطالعہ کرنے کی ذمہ داری تیسرے فریق ( تھرڈ پارٹی ) کو سونپی تھی ۔ تلنگانہ اراضی ترمیمی رہنمائے خطوط 1998 کے مطابق سنٹرل ویلیویشن ایڈوائزری کمیٹی نے ریاست بھر میں اراضی کی قیمت کا تعین کیا ہے اور گذشتہ سال حکومت کو کئی تجاویز پیش کی ہیں۔ اس عمل میں ابھی تک چار مرتبہ ترمیمی تجاویز تیار کی جاچکی ہیں۔ تاہم کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تھرڈ پارٹی کی رپورٹ اور ایڈوائزری کمیٹی نے اندازوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترمیمات پر غور کیا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک سائینسی مطالعہ کے مطابق حیدرآباد ، سنگاریڈی ، میڑچل اور دیگر بڑے شہروں کے علاوہ ضلعی ہیڈ کواٹرس پر خالی اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ یا کمی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ 2