حیدرآباد و سکندرآباد میں ریلوے لینڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا 500 کروڑ آمدنی کا نشانہ
حیدرآباد۔ محکمہ ریلوے کی قیمتی جائیدادوں کو 99 سال کی لیز پر دیتے ہوئے محکمہ ریلوے نے اضافی آمدنی کے حصول کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ صرف شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں ریلوے لینڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے 500 کروڑ روپئے کے حصول کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں موجود ریلوے کی جائیدادوں کو محکمہ ریلوے کی جانب سے بلڈ ‘ آپریٹ ‘ ٹرانسفر کے اساس پر 99 سال کی لیز پر دینے کی منصوبہ بندی کی ہے اور اس منصوبہ کے تحت شہر حیدرآباد وسکندرآباد کے علاقوں میٹو گوڑہ‘ سکندرآباد‘ مولا علی ‘لالہ گوڑہ ‘ چلکل گوڑہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں موجود اراضیات کی نشاندہی کی گئی ہے اور جلد ہی ان جائیدادوں کے سلسلہ میں ریلوے لینڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے انہیں خانگی بلڈرس کے حوالہ کرنے کے سلسلہ میں منصوبہ کے اعلان کئے جانے کی توقع ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اتھاریٹی نے سابق میں 39 سال کی لیز کا منصوبہ تیار کیا تھا اور اس منصوبہ کا جائزہ لینے کے بعد کسی بھی خانگی بلڈر نے ان اراضیات و جائیدادوں کے حصول میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی جس کے سبب کسی ایک جائیداد کو بھی ترقیاتی مقاصد کیلئے حوالہ کرنے کے اقدامات نہیں کئے جاسکے لیکن اب اتھاریٹی نے کافی غور و خوص کے بعد جائیدادوں کو 99 سال کی لیز پر دینے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور کہاجا رہاہے کہ ریل نیلائم کے قریب واقع ریلوے عہدیداروں کے کوارٹرس جو کہ 1965-70 کے درمیان تعمیر کئے گئے تھے ان کو منہدم کرتے ہوئے اس جگہ کو بھی خانگی بلڈرس کے حوالہ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ریلوے لینڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے تیار کئے جانے والے منصوبہ کے تحت ریل نیلائم کے قریب موجود صرف اس ایک جائیداد سے 150 کروڑ روپئے حاصل کئے جاسکتے ہیں اور ان جائیدادوں کو ترقی دیتے ہوئے ان کے استعمال کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اتھاریٹی کی جانب سے شہر حیدرآباد میں موجود جائیدادوں کو ترقی پر دینے کے منصوبہ کو مرکزی وزارت ریلوے کو روانہ کردیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد کی ان جائیدادوں کو ترقیاتی مقاصد کے لئے خانگی کمپنیوں کو حوالہ کرنے کی منظوری حاصل ہوتے ہی اتھاریٹی کی جانب سے کھلے ٹنڈر طلب کئے جائیں گے اور دلچسپی رکھنے والوں کو ٹنڈر میں شرکت کی اجازت فراہم کی جائے گی۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں موجود ریلوے کی خانگی جائیدادوں کو ترقی کیلئے حوالہ کئے جانے کے منصوبہ کا مقصد محکمہ ریلوے کی آمدنی میں اضافہ کو یقینی بنانا ہے۔
