سرکاری دواخانوں اور شیلٹرس میں اناج کی تقسیم: سرینواس گوڑ
حیدرآباد۔ 17 اپریل (سیاست نیوز) وزیر سیاحت وی سرینواس گوڑ نے لاک ڈائون سے متاثرہ افراد بالخصوص بے روزگار ورکرس اور سرکاری دواحانوں کے پاس موجود مریضوں اور رشتہ داروں میں اناج اور ضروری شیاء کی تقسیم کے کام کا آغاز کیا۔ سرینواس گوڑ نے اپنی قیامگاہ سے غذائی اجناس پر مشتمل گاڑیوں کو روانہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر لاک ڈائون کے دوران غریبوں کو اناج اور دیگر سہولتیں پہنچائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت کے ملازمین کی جانب سے تیار کردہ غذائی پیاکیج تمام سرکاری ہاسپٹلس اور شہر کے مضافاتی علاقوں میں قائم کئے گئے مراکز میں تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ورکرس کی بھی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں اور اے ٹی ایم پر جمع ہونے کے بجائے آن لائین ادائیگی کو ترجیح دیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے لاکھوں کی تعداد میں غیر مقامی ورکرس کو تحفظ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سرینواس گوڑ نے غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے غریبوں میں اناج کی تقسیم کا خیرمقدم کیا۔