دو افراد گرفتار ‘ چاول کی غیر مجاز خرید و فروخت میں ملوث دیگر ناموں کا بھی انکشاف
بودھن ۔ 29؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ سیول سپلائز کے 270 کنٹل چرائے گئے چاول پولیس نے موضع سالورہ کی ایک رائیس مل سے برآمد کر لئے اور اس چاول کے سرقہ میں مبینہ طور پر ملوث دو افراد سید محسن اور شکیل کو بودھن پولیس نے حراست میں لے کر ریمانڈ میں بھیج دیا جبکہ لاری مالک کم ڈرائیور قدیر اور چاول کا خریدار سریدھر ریڈی مفرور ہے ‘ جن کو پولیس تلاش کر رہی ہے ۔ سرکل انسپکٹر بودھن ناگر جوناگوڑ کے مطابق محکمہ سیول سپلائی کی جانب سے کاماریڈی کے منڈل بیرکور کی سدی ونائک نامی رائیس مل سے خریدے گئے چاول کو رائیس مل مالک سنتوش کمار نے لاری مالک قدیر کو ذمہ داری سونپی تھی ۔ قدیر نے چاول غائب کر دینے کا منصوبہ تیار کیا اور اپنے پلان میں بودھن سے تعلق رکھنے والے سید محسن اور شکیل کو بھی شامل کرلیا ان تینوں نے ایک چاول کے بیوپاری کے ذریعہ موضع سالورہ میں واقع رائیس مل مالک سدھیر ریڈی کو270 کنٹل چاول دیڑھ لاکھ روپیوں میں فروخت کر دیا اور اس چاول کو محکمہ سیول سپلائی کے مخصوص تھیلوں میں سے دوسرے تھیلوں میں منتقل کر دیا گیا اور سرکاری تھیلوں کو سالورہ کے قریب واقع ناگن پلی میں بھینک دیا گیا ۔ جمعہ کی شام لاریوں کی تلاش کے دوران شکیل اور محسن کو مشتبہ حالت میں گھومتے ہوئے دیکھ کر پولیس نے انہیں حراست میں لے کر اپنے طریقہ پر تفتیش کی ۔ دونوں نے نہ صرف اپنے جرم کا اقرار کیا بلکہ ان ساتھ چاول کی مبینہ طور پر غیرقانونی خرید و فروخت میں ملوث افراد کے ناموں کا بھی انکشاف کیا ۔ ان کی نشاندہی پر پولیس نے چاول ضبط کرلئے اور ان دونوں کو ریمانڈ میں بھیج دیا ۔ قدیر اور سریدھرریڈی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے ۔
