جہیز ، وراثت اور دیگر مقدمات کی کونسلنگ کے ذریعہ یکسوئی ، نرمل کے علماء کا بیان
نرمل ۔ 7 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا عبدالعلیم قاسمی صدر محکمہ شرعیہ شاخ نرمل و مفتی الیاس احمد قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیتہ العلماء ضلع نرمل کے علاوہ مفتی کلیم احمد قاسمی صدر جمعیتہ العلماء نرمل نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ جہیز ایک ناسور ہے جو ہمارے معاشرے میں کینسر کی طرح پھیل چکا ہے۔ اس لعنت نے لاکھوں بیٹیوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ ان کی معصوم آنکھوں میں بسنے والے رنگین خواب چھین لئے ہیں۔ انہیں ناامیدی، اور اندھیروں کی ان گہری وادیوں میں ڈھکیل دیا ہے جہاں سے اجالے کا سفر ممکن نہیں ہے۔ شہری علاقہ میں نہیں دیہی علاقوں میں جہیز کی لعنت کے واقعات میں کئی ایک گھر اجڑ رہے ہیں۔ ان علماء نے بتایا کہ نرمل میں محکمہ شرعیہ کی شاخ کے قیام عمل میں لاکر دو سال مکمل ہونے کو ہے جس کا باضابطہ دفتر مسجد جمال مغل پورہ میں قائم کیا گیا ہے جہاں شریعت کی روشنی میں نزاعی معاملات کو بحسن خوبی کونسلنگ کے ذریعہ اب تک 200 مقدمات کی یکسوئی کرتے ہوئے اجڑے ہوئے گھروں کو آباد کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ کچھ درخواستیں وراثت کے متعلق بھی وصول ہوئی ہیں۔ جبکہ موجودہ دور میں کئی لڑکیوں کو ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ناخن بڑھ جاتے ہیں تو ناخن ہی کاٹے جاتے ہیں، اُنگلیاں نہیں۔ بالکل اسی طرح جب کسی رشتے میں غلط فہمیاں پیدا ہوجاتی ہیں تو غلط فہمیاں ختم کرنی چاہئے، رشتے نہیں۔ اس لئے کہ خوشیوں کا تعلق آپ کے حالات سے نہیں آپ کے فیصلوں سے ہے۔ محکمہ شرعیہ کے اس پیانل میں علماء کرام کے علاوہ بعض قانون داں حضرات اور سماجی خدمت گذار حضرت بھی شام ہیں، بالخصوص الحاج عبدالرحمن مالک مدینہ ہوٹل، نرمل کی سرپرستی حاصل ہے۔ محکمہ شرعیہ بغیر کسی خرچ کے شریعت کی روشنی میں مقدمات کی یکسوئی کرتا ہے۔