نرسیس ، طبی عملہ، ڈائیلاسیس مراکز کیلئے عملہ کی جائیدادیں، اعلامیہ کی اجرائی کی تیاری
حیدرآباد۔24 نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے محکمہ صحت میں موجود 12000 مخلوعہ جائیدادوں پر جلد تقررات کے احکام جاری کئے جائیں گے۔ ریاستی وزیر صحت مسٹر ایٹالہ راجندر کی جانب سے اس بات کے انکشاف کے بعد محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں موجود دواخانوں کے علاوہ عوامی صحت مراکز میں موجود مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں جلد اعلامیہ کی اجرائی کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ آئندہ سال کے اوائل میں حکومت تلنگانہ ان مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے عمل کو مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار کررہی ہے اور اس با ت کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ریاست تلنگانہ میں کئے جانے والے ان تقررات کے سلسلہ میں مکمل تفصیلات اعلامیہ کے ذریعہ جاری کی جائیں گی۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے نرس ‘ ڈاکٹر کے علاوہ دیگر طبی عملہ اور یونانی‘ ہومیوپیتھی اور دیگر طریقہ طب کی مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے محکمہ صحت میں موجود مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں حکومت کو مکمل رپورٹ پیش کردی گئی ہے اور اس رپورٹ کی بنیاد پر ہی حکومت کی جانب سے ان اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ریاست کے تمام اضلاع میں موجود سرکاری دواخانوں میں مخلوعہ عہدوں پر تقررات کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں موجود دواخانوں میںنرسس کے علاوہ دیگر طبی عملہ کے تقررات کو یقینی بنایا جائے گا اور محکمہ صحت کے تحت خدمات انجام دینے والے طبی مراکز میں درکار ٹیکنیشن کے عہدوں کو بھی پر کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے تمام اضلاع میں شروع کئے جانے والے ڈائیلاسس مراکز میں بھی درکار اسٹاف کے تقرر کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔