صنعت نگر ٹمس ہاسپٹل عصری سہولتوں کے ساتھ اُگادی تک عوام کو دستیاب ہوجائے گا
حیدرآباد ۔13 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ کانگریس کے دو سالہ دور حکومت کے دوران محکمہ صحت نے 10 ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ آئندہ چند دنوں میں مزید 10 ہزار جائیدادوں پر تقررات کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ آج کوٹھی میڈیکل کالج کے احاطہ میں منعقدہ ایک تقریب میں 1257 لیاب ٹیکنیشن گریڈ 2 کے تقررات نامہ منتخبہ امیدواروں میں حوالے کئے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ کانگریس حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، جس کے لئے تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں ۔ کسی بھی مرض کی تشخیص میں لیاب ٹیکنیشن کا اہم رول ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں 145 پالی کلینک قائم کئے جائیں گے ۔ ہر 35 سے 40 کیلو میٹر کے درمیان ایک ٹرامہ کلینک بھی قائم کیا جائے گا۔ بعد ازاں ریاستی وزیر صحت نے صنعت نگر میں زیر تعمیر ٹمس ہاسپٹل کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ اگادی تک یہ ہاسپٹل عوام کیلئے دستیاب ہوجائے گا۔ ہاسپٹل کی عمارت تقریباً مکمل ہوچکی ہے۔ تھوڑے الیکٹرک ورکس باقی ہے ۔ آپریشن تھیٹرس ، ڈیاگناسٹک اور دیگر آلات کی تنصیب آخری مراحل میں پہنچ گئی ہے۔ جدید ٹکنالوجی پر مشتمل ایم آر آئی جیسے بھاری آلات کی فٹنگ بھی مکمل ہوچکی ہے ۔ دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ کانگریس حکومت تشہیر کم کام زیادہ کرتی ہے ۔ عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ ہزار بیڈس پر مشتمل ٹمس ہاسپٹل میں عوام کو تمام طبی سہولتیں دستیاب ہورہی ہیں۔2
