محکمہ صحت میں 604 نئے عہدوں پر طبی عملہ کے تقررات

   

عادل آباد اور ورنگل کے نئے دواخانوں میں خدمات شروع کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاستی محکمہ صحت میں 604 نئے عہدوں پر طبی عملہ کے تقررات کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ مکمل طور پر عارضی اور کنٹراکٹ کے اساس پر ہوں گے۔حکومت تلنگانہ کے ریاست میں ضلع عادل آباد اور ورنگل میں نئے سرکاری دواخانو ںمیں عصری خدمات کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں احکام جاری کردیئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر رمیش ریڈی نے یہ بات بتائی۔انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں طبی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں طبی عملہ کے تقررات بھی شامل ہیں۔انہو ںنے عادل آباد اور ورنگل میں604 نئے تقررات کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات اور حکومت کے احکامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وباء کے اس دور میں عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے حکومت نے فوری عارضی اور کنٹراکٹ کے اساس پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے اور ان تقررات کے مستقبل کے متعلق دریافت کرنے پر انہوں نے کہا کہ اس کا اختیار حکومت کو حاصل ہے۔ریاست میں بلیک فنگس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ اور کورونا وائرس کے علاج کے سلسلہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش ریڈی نے بتایا کہ حکومت بلیک فنگس سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور کورونا وائرس کے مریضوں کے بہتر سے بہتر علاج کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے ریاست کے اضلاع کی صورتحال کے متعلق بتایا کہ ریاستی محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے تمام اضلاع سے روزانہ رپورٹ وصول کی جار ہی ہے۔