وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کا جائزہ اجلاس، مانسون کے اختتام تک چوکسی برقرار رکھنے کی ہدایت
حیدرآباد 30 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ریاست میں وبائی اور موسمی امراض کا جائزہ لیا۔ مانسون سیزن میں عام طور پر موسمی امراض پھوٹ پڑتے ہیں اور حکومت نے سرکاری دواخانوں میں علاج کی بہتر سہولتوں کے اقدامات کئے ہیں۔ عہدیداروں نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ وبائی اور موسمی امراض کی تفصیلات اور سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوں کے بارے میں واقف کرایا۔ عہدیداروں کے مطابق ریاست میں وبائی امراض مکمل طور پر قابو میں ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلہ اِس مرتبہ وبائی اور موسمی امراض کی شرح میں کمی درج کی گئی ہے۔ ڈائرکٹر ہیلت ڈاکٹر رویندر کمار نے کہاکہ عوام میں شعور بیداری کے نتیجہ میں امراض پر فوری قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہاسپٹلس کے علاوہ پرائمری ہیلت سنٹرس میں بھی مؤثر علاج کی سہولتیں فراہم کی گئیں اور بارش کے آغاز سے قبل ہی عوام کو احتیاطی تدابیر سے واقف کرایا گیا۔ دامودر راج نرسمہا نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہاکہ موسمی امراض پر قابو پاتے ہوئے سرکاری دواخانوں کی کارکردگی کو بہتر بنایا گیا ہے۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مانسون کے اختتام تک چوکسی برقرار رکھیں اور وقتاً فوقتاً جائزہ اجلاس منعقد کریں۔ وزیر صحت نے کہاکہ تمام سرکاری ہاسپٹلس اور پرائمری ہیلت سنٹرس میں مؤثر علاج کے انتظامات کئے جائیں اور اعلیٰ عہدیداروں کو اِس کی نگرانی کرنی چاہئے۔ اجلاس میں سکریٹری ہیلت ڈاکٹر کرسٹینا چنگٹو، چیف ایگزیکٹیو آفیسر آروگیہ شری ٹرسٹ اودے کمار، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر نریندر کمار، ڈائرکٹر آف فیملی ویلفیر ڈاکٹر رویندر کمار، تلنگانہ ویدیا ودھان پریشد کے کمشنر ڈاکٹر اجئے کمار اور دوسرے شریک تھے۔1