محکمہ صنعت میں کرپشن کے خاتمہ کیلئے اقدامات سابق مینجر کے خلاف قانونی کارروائی کو منطوری

   


حیدرآباد: محکمہ صنعت میں بے قاعدگیوں اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے خاطی عہدیداروں اور ملازمین کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے ذریعہ محکمہ کے دیگر ملازمین کو یہ پیام دینے کی کوشش کی جائے گی کہ بدعنوانیوں کی صورت میں کارروائی یقینی ہے۔ محکمہ صنعت نے محبوب آباد ضلع میں واقع ڈسٹرکٹ انڈسٹری سنٹر کے ایک ملازم کے خلاف قانونی کارروائی کو منظوری دی ہے جو رشوت قبول کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا ۔ جنرل مینجر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے وی ویریشم پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک کسان سے سبسیڈی کی اجرائی کیلئے رشوت طلب کی تھی۔ اکتوبر 2016 تا جنوری 2019 کے درمیان ویریشم اس عہدہ پر فائز رہے۔ 2016 ء میں کسان نے ہارویسٹر مشین حاصل کیا اور آئندہ سال سبسیڈی کیلئے آن لائین دستاویزات داخل کئے ۔ ٹی پرائیڈ اسکیم کے تحت سبسیڈی فراہم کی جاتی ہے۔ کسان نے ویریشم سے ربط قائم کیا ۔ ایک سال بعد بھی جب کسان کو سبسیڈی کی رقم حاصل نہیں ہوئی تو عہدیدار نے 12,000 روپئے رشوت کا مطالبہ کیا تاکہ ویریفیکیشن سرٹیفکٹ آن لائین کیا جائے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے عہدیدار کو رشوت قبول کرتے ہوئے حراست میں لیا تھا۔