محکمہ قانون و انصاف میں مختلف جائیدادوں پر عنقریب تقررات

   

وکلاء کو ہیلت کارڈس، عدالتوں کا اپ گریڈ
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر قانون و انصاف تلنگانہ اے اندرا کرن ریڈی نے کہاکہ محکمہ قانون و انصاف کے مختلف زمروں کی مخلوعہ جملہ 1554 جائیدادوں پر بہت جلد تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ ریاستی ہائیکورٹ تلنگانہ کو موجودہ مقام سے کسی اور مقام کو منتقل کرنے کی حکومت کے ہاں کوئی تجویز نہیں ہے۔ اور نہ ہی ہائیکورٹ کو کسی اور مقام پر تبدیل کرنے حکومت ارادہ رکھتی ہے۔ اندرا کرن ریڈی نے آج غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست کے ایڈوکیٹس کو ہیلت کارڈس کے ذریعہ ان کے والدین کو بھی تمام تر میڈیکل سہولتیں فراہم کرنے کے مطالبہ کو اور ہاؤزنگ سوسائٹی کو اراضی الاٹ کرنے، ڈبل بیڈ رومس مکانات کی فراہمی، ایڈوکیٹس کے لئے ٹریننگ پروگرامس منعقد کرنے، راما گنڈم کورٹ کو سینئر سیول کورٹ کی حیثیت سے اپ گریڈ کرنے و دیگر مسائل و مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرکے مؤثر اقدامات کرنے کا اظہار کیا۔ وزیر نے بتایا کہ دیگر محکمہ جات کی کارکردگی کا بہت جلد جائزہ لینے کے بعد ضرورت پڑنے پر مناسب اصلاحات لانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس دوران کے وینکٹیش رکن اسمبلی ٹی آر ایس نے ریاست میں شعبہ پراسکیوشن کو مزید مؤثر و مضبوط اور مستحکم بنانے کے لئے اقدامات کرنے کا حکومت اور وزیر کو مشورہ دیا۔