محکمہ مال میں شفافیت کو برقرار رکھیں

   

میدک میں عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت، ہیلت سنٹر کا بھی دورہ
میدک۔ 18؍اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ کلکٹر ضلع میدک مسٹر راہول راج نے توپران کا دورہ کرتے ہوئے دفتر ریونیو ڈیویژن RDO کا معائنہ کیا۔ انھوں نے اس موقع پر آر ڈی او جے چندرا ریڈی سے ڈیویژن کے مسائل سے متعلق تفصیلی بات چیت کی اور تمام ریکارڈس و فائیلوں کا معائنہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ مال کی خدمات میں شفافیت کو برقرار رکھیں۔ دفتر کو آنے والے عرضی داروں کے ساتھ عمدگی کو ملحوظ رکھتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کریں۔ انھوں نے آر ڈی او سے لینڈ ریونیو، لینڈ مینجمنٹ، آر آر آر اور ریونیو کی وصولی سے متعلق واقفیت حاصل کی۔ اس موقع پر کلکٹر میدک راہول نے آر ڈی او آفس کی تنقیح کے بعد توپران ڈیویژن کے کمیونیٹی ہیلت مراکز کا بھی معائنہ کیا۔ انھوں نے کمیونیٹی ہیلت سنٹرس کے ڈیوٹی ڈاکٹرس اور ہیلت ورکرس کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دواخانوں کو آنے والے مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی خدمات فراہم کریں۔ انھوں نے شریک مریضوں سے بات چیت کی۔ انھوں نے اس موقع پر مریضوں کا ریکارڈ دیکھا اور کہا کہ ان میں کوئی بھی ڈینگو سے متاثر نہیں ہے۔ ملیریا بخار اور ٹائفائیڈ کے 10 کیسس پائے گئے۔