نئی دہلی: شمالی ہندوستان کے اترپردیش، دہلی، پنجاب اور ہریانہ میں جاری سرد لہر میں تیزی سے کمی آ رہی ہے، لیکن آنے والے ہفتے میں ایک بار پھر موسم میں بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتہ سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، جو 26 جنوری تک جاری رہے گا۔ دہلی میں 23 سے 26 کے درمیان بارش کا امکان ہے۔حکام نے بتایا کہ 21 جنوری کو دہلی میں دھند چھائی رہے گی، جب کہ 22 جنوری کو موسم معمول کے مطابق رہے گا اور درجہ حرارت میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئے گی ۔ تاہم 23 جنوری سے بادلوں کے آنے اور چھائے رہنے کا امکان ہے۔ ایسے میں دہلی این سی آر، پنجاب اور ہریانہ، شمالی راجستھان، مشرقی اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کے کچھ مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔