ٹوئیٹر پر معلومات حاصل کرنے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ، محکمہ موسمیات پر عوام کا عدم اعتماد
حیدرآباد۔27 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت اور محکمہ موسمیات کو قبل از وقت متنبہ کرنے والے ماہر موسمیات نوجوان ٹی بالاجی نے ریاست تلنگانہ کے اضلاع اور شہر حیدرآباد میں بارش کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ درست پیش قیاسی کے ذریعہ یہ ثابت کردیا کہ موسم کے حالات پر گہری نظر اور اس کے مطالعہ کے ذریعہ یقینی طور پر بارشوں کی پیش قیاسی کی جاسکتی ہے ۔ عصری ٹکنالوجی کے دور میں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی مختلف عصری آلات کے باوجود غیر درست ثابت ہوتی ہے لیکن ٹی بالاجی کی جانب سے موسم کے متعلق کی جانے والی 99 فیصد پیش قیاسی درست ثابت ہوتی رہی ہے اور تلنگانہ کے موجودہ موسم کے متعلق ٹی بالاجی نے گذشتہ 15یوم سے جو پیش قیاسی کی ہے وہ درست ثابت ہوئی اور اب محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی سے زیادہ شہریوں نے ٹی بالاجی کے ٹوئیٹر پر ان سے راست معلومات حاصل کرنی شروع کردی ہیں ۔ ٹی بالاجی کی اس صلاحیتوں کا وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اعتراف کرتے ہوئے ان کے پروگرام ’من کی بات ‘ میں بالاجی کا تذکرہ کیا تھا۔ ٹی بالاجی کے ٹوئیٹر@balaji25_t کو 63ہزار لوگ فالو کرتے ہیں جبکہ سرکاری محکمہ موسمیات کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر فالوورس کی تعداد محض 7965ہے۔ تلنگانہ ویدر مین کے نام سے معروف 17سالہ نوجوان جو بے ٹیک کے متعلم ہیں نے ٹوئیٹر کے ذریعہ جو مقبولیت حاصل کی ہے اس کااندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ موسم کی پیش قیاسی کے متعلق تفصیلات کے لوگ محکمہ موسمیات سے زیادہ ان پر اعتبار کرنے لگے ہیں۔ ٹی بالاجی نے بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شہر حیدرآباد میں ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے جبکہ ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب موسلادھار بارش کے کوئی امکانات اب نہیں پائے جاتے لیکن ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ہوا کے دباؤ میں کمی کے اثرات دیکھے جانے کا امکان ہے ۔ بالاجی کے مطابق ریاست تلنگانہ میں آئندہ 48 گھنٹوں میں بارش میں بتدریج کمی ریکارڈ کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ موسمی پیش قیاسی کے ساتھ ساتھ ہواؤں کے چلنے اور اس کے اثرات کا جائزہ لینا بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ بارش کے ساتھ ساتھ اگر تیز ہوائیں چلتی ہیں تو ایسی صورت میں برسات جلد رک جاتی ہے اور بادلوں کا سفر جاری ہونے کی وجہ سے بارش منتقل ہونے لگتی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے مشرقی اور شمالی اضلاع میں وقفہ وقفہ سے بارشوں کا امکان ہے ۔م