محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی ،آئندہ 72 گھنٹے بارش کا امکان

   

نظام آباد۔13 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کمشنر پولیس نظام آباد مسٹر سائی چیتنیا نے اعلان کیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران ضلع میں شدید بارش کا امکان ہے، لہٰذا عوام کو ہر ممکن احتیاطی تدابیر برتنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی سلامتی کے پیش نظر پولیس عہدیداران اور عملہ 24 گھنٹے چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے کمشنر پولیس مسٹر سائی چیتنیا نے ہدایت دی کہ نشیبی اور زیرِ آب آنے والے علاقوں کے مکینوں چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے اُبلتے نالوں، برساتی وادیوں اور نالوں کے قریب نہ جائیں، جھیلوں، تالابوں اور آبی ذخائر کے پاس جانے سے گریز کریں کیونکہ وہاں حادثات کا خدشہ ہے۔ کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اور نیچے گرے ہوئے برقی تاروں سے دور رہیں۔ اس کے علاوہ ریونیو، میونسپل، زراعت، دیہی ترقی، مویشی پروری، عوامی نقل و حمل اور آبپاشی سمیت تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی تال میل قائم رکھنے کی ہدایت دی ۔عوام سے خواہش کی کہ کی کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ڈائل 100، پولیس کنٹرول روم نمبر 8712659700 یا متعلقہ پولیس اسٹیشن سے فوراً رابطہ کریں۔

کورٹلہ میں نشہ مکت بھارت ابھیان پروگرام کا انعقاد
کورٹلہ ۔ 13 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جگتیال بی اشوک کمار کے احکامات پر منگل کو نشہ مکت بھارت ابھیان کے ضمن میں عوام اور نوجوانوں کی جانب سے کارگل چوک کے قریب نشہ آور اشیاء کی روک تھام کیلئے عہد کروایا گیا۔ اس موقع پر سرکل انسپکٹر آف پولیس کورٹلہ سریش بابو، سب انسپکٹر پولیس کورٹلہ چرنجیوی نے نوجوانوں اور طلباء سے نشہ آور اشیاء سے دور رہنے کا عہد لیا۔ انہوں نے طلباء و نوجوانوں سے کہا کہ نشہ آور اشیاء کے عادی بن کر اپنی صحت کو برباد نہ کرلیں۔ انہوں نے طلباء و نوجوانوں سے اپنی صحت پر خاص توجہ دیتے ہوئے اپنا مستقبل سنوارنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر 200 افراد جن میں مرد و خواتین شامل تھے، نشہ آور اشیاء استعمال نہ کرنے کا حلف اُٹھایا۔