محکمہ موسمیات کے حیدرآباد راڈر میں تکنیکی خرابی

   

موسمی پیش قیاسی مسدود ، تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش
حیدرآباد۔8اکٹوبر(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کے حیدرآباد راڈر میں تکنیکی خرابی کے سبب شہر حیدرآباد کے علاوہ اطراف و اکناف کے موسم کی پیش قیاسی نہیں کی جارہی ہے۔آئندہ تین یوم کے دوران شہر حیدرآباد اور تلنگانہ کی بیشتر ریاستوں میں موسلادھار اور شدید موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کے بعد راڈر میں خرابی موسمی صورتحال سے پیشگی واقفیت حاصل کرنے میں دشواری کا سبب بن سکتی ہے۔ دونوں شہروں میں آج گرمی کی شدت کا سلسلہ جاری رہا لیکن دوپہر کے بعد مطلع ابرآلود ہوگیا تھا اس کے باوجود بھی موسم میں رونما ہونے والی تبدیلی کے سلسلہ میں کوئی اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا ۔ حیدرآباد کے راڈر میں آنے والی تکنیکی خرابی سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے اور ٹوئیٹر پر شہر حیدرآباد ‘ تلنگانہ اور پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں موسمی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والوں کی جانب سے حیدرآباد کے راڈر کی خرابی پر کئی ایک ریمارکس کئے گئے ہیں جن میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئندہ تین یوم کے دوران شہر حیدرآباد میں موسلادھار بارش کے امکانات ظاہر کئے جانے کے بعد اگر حیدرآباد کے موسم کی صورتحال بتانے والے راڈر میں تکنیکی خرابی آتی ہے تو اسے فوری طور پر درست کیا جانا چاہئے ۔ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد کے راڈر میں گذشتہ شب سے تکنیکی خرابی ریکارڈ کی جا رہی ہے اور اسے درست کرنے کے اقدامات جاری ہیں لیکن آج شام تک بھی اسے درست نہیں کیا گیا تھا ۔ خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے دیگر ذرائع سے حاصل کردہ موسمی صورتحال کے سلسلہ میں اس بات کی پیش قیاسی کر رہے ہیں آئندہ تین یوم کے دوران شہر حیدرآباد کے موسم میں تبدیلی رونما ہوگی تاہم گرمی کی شدت جوں کی توں برقرار رہے گی۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نہ صرف حیدرآباد بلکہ ناگپوراور مچھلی پٹنم راڈر میں بھی تکنیکی خرابی ریکارڈ کی گئی ہے جس کی وجہ سے موسمی صورتحال کے متعلق بہتر انداز میں آگہی حاصل کرنا دشوار ہونے لگا ہے۔ تلنگانہ ویدرمین کے مطابق راڈر کے بغیر صورتحال کی حقیقی عکاسی انتہائی دشوار ہے لیکن بھونگیر ‘ یدادری اور دیگر علاقوں میں رات دیر گئے موسلادھار بارش کا امکان ہے علاوہ ازیں سنٹرل تلنگانہ میں گھنے بادل کے سبب مطلع ابر آلود رہے گا۔راڈر میں ریکارڈ کی جانے والی تکنیکی خرابی کے سلسلہ میں محکمہ موسمیات کے عہدیدارو ںکی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم محکمہ کے ذرائع نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ تکنیکی خرابی کو دور کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔م