عہدیداران مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات جمع کرنے میں مصروف، چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد 25 اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے محکمہ پنچایت راج میں بڑے پیمانے پر مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنے کے لئے عملی اقدامات میں تیزی پیدا ہوئی ہے۔ محکمہ پنچایت راج کی تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لئے مکمل تفصیلات سے واقف کروانے کی خود چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دی تھیں۔ جس کی روشنی میں عہدیدار مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کرنے کے کاموں میں مصروف ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ پنچایت راج میں تقریباً 2700 سے زاید جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ علاوہ ازیں حکومت نے گزشتہ روز محکمہ پنچایت راج کے لئے مزید 311 جائیدادوں کی منظوری دی ہے۔ اس طرح ان 311 نئی منظورہ مختلف جائیدادوں کے علاوہ 2700 جائیدادوں پر ملازمین کو ترقیاں دے کر دوبارہ مخلوعہ ہونے والی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے محکمہ پنچایت راج میں تمام جائیدادوں پر ترقیاں دینے کا عمل جاریہ ماہ کے اختتام تک مکمل ہوگا۔ اسی دوران تلنگانہ پنچایت راج منسٹرئیل ایمپلائیز یونین صدر پی جیا پرکاش ریڈی اور سکریٹری اے نندا کمار و دیگر قائدین نے محکمہ پنچایت راج میں تمام عہدوں پر ترقیاں دینے کے اقدامات کا ریاستی کمشنر محکمہ پنچایت راج رگھونندن راؤ سے ملاقات کرکے یادداشت پیش کرکے مطالبہ کیا۔ ان قائدین نے مزید بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں بہت جلد تلنگانہ پنچایت ٹریبونل کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور کہاکہ اب تک ریاستی وزیر پنچایت راج کو گرام پنچایتوں کی عاملہ اور سرپنچوں کے خلاف کارروائی کرنے کے اختیارات جو پائے جارہے تھے، اب وہ تمام اختیارات ٹریبونل کو حاصل ہوں گے۔