محکمہ پولیس، بلدیہ اور محکمہ مال کے ملازمین کو8 فروری سے کورونا ٹیکہ

   

ا۔10 یوم کے دوران ایک لاکھ 87 ہزار ملازمین کو ٹیکہ دینے کی مہم : ڈائرکٹر محکمہ صحت

حیدرآباد۔ریاست تلنگانہ میں 8فروری سے محکمہ پولیس ‘ بلدیہ اور محکمہ مال کے ملازمین کو کورونا وائرس ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز کیا جائے گا اور 10یوم کے دوران 1لاکھ 87ہزار ملازمین کو ٹیکہ دیا جائے گا۔ ریاستی محکمہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق ابتداء میں حکومت نے سرکاری دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے طبی عملہ کے بعد خانگی دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے طبی عملہ کی ٹیکہ اندازی کا آغاز کیا تھا اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے اور سرکاری و خانگی شعبہ طب میں خدمات انجام دینے والے ملازمین میں ابھی 1لاکھ 59ہزار891 افراد کو ٹیکہ لینا باقی ہے جو کہ آئندہ 3یوم کے دوران ٹیکہ حاصل کرسکتے ہیں لیکن اس کے بعد ان کو ٹیکہ نہیں دیا جائے گا اور کورونا وائرس کی ٹیکہ اندازی کے ریکارڈ کے لئے تیار کئے گئے کوون ایپ میں ٹیکہ نہ لینے والوں کو غیر حاضرقرار دیا جائے گا۔انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں 74ہزار کووی شیلڈ کے ٹیکہ پہنچ چکے ہیں اور پہلے سے ہی کووی شیلڈ کے جملہ 3لاکھ 64ہزارٹیکہ ریاست میں موجود ہیں اس کے علاوہ ایک لاکھ 89ہزارکوویکسن کے ٹیکہ ریاست میں موجود ہیں۔ ڈائریکٹر محکمہ صحت نے بتایا کہ 8 فروری سے محکمہ پولیس‘ بلدیہ اور مال کے عہدیداروں کو ٹیکہ اندازی کا عمل شروع کیا جائے گا اور یہ سلسلہ 10 یوم جاری رہے گا۔انہو ںنے بتایا کہ ان محکمہ جات کے ملازمین کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور ان میں محکمہ پولیس کے 1لاکھ 7ہزار‘ محکمہ بلدیہ کے 55ہزار اور محکمہ مال کے 25ہزار ملازمین شامل ہیں جن کی ٹیکہ اندازی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ریاست میں 16جنوری سے شروع کی گئی ٹیکہ اندازی میں ختم جنوری تک جملہ 1لاکھ 71 ہزار 375 افراد کو ٹیکہ دیا جاچکا ہے جو سرکاری طبی عملہ کا حصہ ہیں اور خانگی طبی عملہ میں اب تک 56 ہزار 865 ملازمین کو ٹیکہ دیا جاچکا ہے جبکہ جملہ 1لاکھ 54ہزار 396 کی نشاندہی کی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ طبی عملہ کو ٹیکہ حاصل کرنے کے لئے 5فروری تک کی مہلت فراہم کی گئی ہے اور اس کے بعد انہیں ٹیکہ نہیں دیا جائے گا اور کوون ایپ میں ان کے غیر حاضر رہنے کا اندراج کردیا جائے گا۔