سپریم کورٹ کی مفاد عامہ کی تفصیلات فراہم کرنے ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔17۔ ستمبر ۔ (سیاست نیوز) چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس اپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین نے ہائی کورٹ رجسٹری کو ہدایت دی کہ وہ سپریم کورٹ کی کسی درخواست مفاد عامہ جو کہ محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر مخلوعہ جائیدادوں کے متعلق ہو اس کی تفصیلات فراہم کرے۔ چیف جسٹس نے محکمہ پولیس حکومت تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں داخل کی گئی ایک درخواست کی سماعت کررہے تھے اور سماعت کے دوران انہوں نے درخواست گذار کے وکیل کے استدلال اور سپریم کورٹ کی جانب سے 2019 میں جاری کئے گئے حکم نامہ کا حوالہ دیئے جانے کے بعد عدالت کی رجسٹری کو اس سلسلہ میں تفصیلات حاصل کرتے ہوئے عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جسٹس اپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین پر مشتمل ڈویژن بنچ نے جناب برکت علی خان ایڈوکیٹ کی جانب سے داخل کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران یہ بات کہی ۔ جناب برکت علی خان ایڈوکیٹ نے اے گروتیجا کی جانب سے داخل کی گئی درخواست میں بہ حیثیت وکیل پیش ہوتے ہوئے عدالت کو سال 2019 میں سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ کا حوالہ دیا جو کہ درخواست مفاد عامہ کے تحت دائر کی گئی تھی ۔ انہو ںنے عدالت میں پیش ہوتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے تمام ہائی کورٹس کو اس بات کی ہدایت دی تھی کہ وہ محکمہ پولیس میں موجود مخلوعہ جائیدادوںکا جائزہ لیں۔ جناب برکت علی خان نے بتایا کہ تلنگانہ میں محکمہ پولیس میں مجموعی طور پر 91ہزار169 منظورہ جائیدادیں ہیں جن میں 14ہزار 874 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قانون حق آگہی کے استعمال کے ذریعہ حاصل کی گئی ان معلومات کی بنیاد پر متعدد نمائندگیاں کی جاچکی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔ محکمہ پولیس میں موجود مخلوعہ جائیدادوں کے سلسلہ میں درخواست گذار نے عدالت میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ریاستی پولیس میں ایس آئی کی منظورہ جائیدادوں پر بھی تقررات کئے جانے ہیں جبکہ کانسٹبل کی ہزاروں جائیدادیں مخلوعہ ہیں جن پر تقررات کے ذریعہ امن وامان کی برقراری کے علاوہ ریاست میں بہتر پولیس خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور شہری علاقوں میں محفوظ علاقوں کی فہرست میں شامل کروانے کے علاوہ شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔3