ویب سائیٹ پر اپ لوڈ ، 2 اکٹوبر تک اعتراضات ادخال کی سہولت
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): ریاست تلنگانہ میں منعقدہ پولیس ریکروٹمنٹ ٹسٹ میں قطعی طور پر منتخبہ امیدواروں کی فہرست حکومت کی ہدایت پر ’ تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس رکروٹمنٹ بورڈ نے گذشتہ رات جاری کردیا ہے ۔ جو tslprb.in ویب سائیٹ پر دستیاب رکھے گئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹسٹ میں جملہ 90 ہزار امیدوار اہل قرار پائے تھے جس کے بعد قطعی طور پر منتخبہ امیدواروں میں 17,156 ہزار امیدوار شامل ہیں ۔ ان میں ریاستی محکمہ پولیس کے مختلف شعبہ جات یعنی سیول پولیس ، آرمڈ ریزروڈ ، تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس ، فائر سرویس محابس ( جیل ) اور ڈرائیورس امیدوار شامل ہیں ۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس رکروٹمنٹ بورڈ مسٹر سرینواس راؤ نے یہ بات بتائی اور کہا کہ منتخبہ 17,156 امیدواروں میں 13,373 مرد امیدوار اور 2652 خاتون امیدوار شامل ہیں ۔ مسٹر سرینواس راؤ نے مزید بتایا کہ امیدواروں کے انتخاب سے متعلق کسی بھی نوعیت کے کسی کو بھی کوئی اعتراضات رہنے کی صورت میں 25 ستمبر تا آئندہ سات یوم یعنی 2 اکٹوبر تک اپنے اعتراضات درخواست کی شکل میں پیش کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر اعتراض کرنے کے لیے درخواست پیش کرنے والے افراد ایس ٹی یا شیڈولڈ کاسٹس طبقہ کے ہوں تو انہیں چاہئے کہ اپنی درخواست کے ساتھ ایک ہزار روپئے ادا کرنے ہوں گے اور دیگر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے اپنی درخواست کے ساتھ دو ہزار روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ مزید تفصیلات کے لیے مذکورہ ویب سائیٹ کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے ۔۔