محکمہ پولیس میں عنقریب 20 ہزار جائیدادوں پر تقررات

   

اسٹیٹ پولیس اکیڈیمی میں ایس آئیز کی پاسنگ آوٹ ، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ بہت جلد ریاست میں مزید 20 ہزار پولیس ملازمین کے تقررات کیے جائیں گے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پولیس اکیڈیمی میں ایس آئیز کی پاسنگ آوٹ پریڈ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ڈی جی پی مہندر ریڈی تلنگانہ پولیس اکیڈیمی کے ڈائرکٹر سرینواس راؤ کے علاوہ پولیس کے دوسرے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ اکیڈیمی میں 12 ویں بیاچ کے 1162 ایس آئیز نے اپنی تربیت مکمل کی ۔ پاسنگ آوٹ پریڈ میں سیول کے 661 ایس آئیز ، آئی ٹی کمیونیکیشن کے 28 ایس آئیز 448 آر ایس آئیز ، فنگر پرنٹ کے 25 ایس آئیز شامل ہیں ۔ جن میں 256 خواتین ایس آئیز شامل ہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اکیڈیمی کی جانب سے تاحال 1,25,848 لاکھ افراد نے تربیت حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ 18,428 ایس آئیز اور پولیس کانسٹبلس کا تقرر کیا گیا ہے ۔ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی برقراری پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ تلنگانہ کی پولیس اپنی کارکردگی کی بدولت ملک و بیرون ممالک میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران ملازمین پولیس کی خدمات ناقابل فراموش ہے ۔ غریبوں کی خدمات انجام دیتے ہوئے پولیس عوام کے دلوں میں اپنا بھروسہ اور اعتماد بڑھایا ہے ۔ محمد محمود علی نے تربیت یافتہ ایس آئیز کو دیانتداری اور ایمانداری سے ڈیوٹی انجام دینے اور پولیس اسٹیشن پہونچنے والوں کا احترام کرنے کا مشورہ دیا ۔ محکمہ پولیس کسی بھی ریاست یا ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کرتا ہے ۔ لا اینڈ آرڈر کی ساری ذمہ داری محکمہ پولیس کی ہوتی ہے ۔ جس کو محسوس کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ پولیس پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے محکمہ کو مضبوط و مستحکم کرنے کے لیے خطیر بجٹ مختص کیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ محکمہ پولیس نے غیر سماجی عناصر ، چین اڑانے والی ٹولی ، آن لائن سٹہ بازوں ، نقلی بینج فروخت کرنے والوں کے علاوہ دوسرے جرائم کو آہنی پنجہ سے کچل دیا جس کے سبب ریاست میں جرائم کی شرح بڑی حد تک گھٹ گئی ہے اور سنگین جرم کرنے والوں کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جارہی ہے ۔۔