محکمہ پولیس میں فیڈ بیاک کا نیا طریقہ رائج

   

عوام QR کوڈ کے ذریعہ کارکردگی پر رائے دے سکیں گے

حیدرآباد۔/9 جنوری، ( سیاست نیوز) محکمہ پولیس نے ایک منفرد طریقہ کار رائج کیا ہے۔ اب ریاست میں پولیس کی کارکردگی کا عوام سے جائزہ لیا جائے گا۔ تلنگانہ میں پولیس نے ڈیجیٹل فیڈ بیاک کے نئے طریقہ کار کو رائج کیا ہے۔ عوام کیو آر کوڈ کے ذریعہ پولیس کارکردگی پر رائے پیش کرسکتے ہیں۔ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندر نے آج اس سلسلہ میں کیو آر کوڈ جاری کردیا جو ریاست کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں لگایا جائے گا۔ ڈی جی پی نے تمام کمشنران پولیس اور ضلع سپرنٹنڈنٹس کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ آج ہی سے عمل آوری کی ہدایت دی۔ سی آئی ڈی شعبہ نے اس طریقہ کار کو تیار کیا اور ڈی جی سی آئی ڈی شیکھا گوئل کی نگرانی میں اس پر عمل آوری کی جائے گی ۔کیو آر کوڈ کو پولیس اسٹیشن میں 5 مقامات پر لگانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ عوام کیو آر کوڈ کو اپنے موبائیل میں اسکیان کرتے ہی ایک فارم دیا جائے گا جو انگریزی اور تلگو زبان میں ہوگا۔ اس کے علاوہ وائس ریکارڈ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ کسی کو فارم بھرنے میں مشکل پیش آئے تو وہ اپنی آواز کے ذریعہ اپنی رائے پیش کرسکتے ہیں۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کی سوچ کو عملی شکل دینے کیلئے اس منفرد طریقہ کار کو رائج کیا گیا ہے۔ کیو آر کوڈ کے ذریعہ حاصل رائے پر آٹو میٹک کالنگ ایپ کے ذریعہ درخواست گذار سے راست فون پر بات کرتے ہوئے رائے حاصل کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ بہتر خدمات انجام دینے والے پولیس اسٹیشن کو رینک دیا جائے گا۔ اس کیو آر کوڈ کو پولیس کی ویب سائٹ کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بھی رکھا گیا ہے۔ڈیجیٹل فیڈ بیاک سسٹم کے ذریعہ پولیس محکمہ کی خدمات مزید بہتر اور عوام دوست ہونے کا پولیس حکام دعویٰ کررہے ہیں۔ع