محکمہ پولیس میں کورونا کیسس میں اضافے کا سلسلہ جاری

   

100 سے زائد متاثرین، پولیس ڈپارٹمنٹ میں تشویش کی لہر
حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں محکمہ پولیس میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ حیدرآباد میں پولیس ملازمین کورونا سے متاثرین ہورہے ہیں اور ان کی تعداد روز افزوں بڑھ رہی ہے۔ یہ صورتحال پولیس عہدیداروں، ملازمین اور ان کے افراد خاندان میں تشویش کا باعث بن چکی ہے۔ بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسس منظر عام پر آئے ہیں۔ اس پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دینے والے تاحال 22 پولیس ملازمین کورونا سے متاثر پائے گئے۔ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہمیشہ عوام کے درمیان رہنے والے ملازمین پولیس کا کورونا تعاقب کررہا ہے۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 100 سے زائد ملازمین پولیس کورونا کا شکار ہوئے ہیں اور مہلوکین کی تعداد 2 ہوچکی ہے۔ ملازمین پولیس میں بڑھتے واقعات کے سبب شہر کے دیگر پولیس اسٹیشنوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ کئی پولیس اسٹیشنوں میں عوام کے داخلے سے قبل ان کا تھرمل ٹسٹ کیا جارہا ہے اور سانیٹائزر کا بھی انتظام کیا گیا۔ روزانہ رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ ہے لیکن کورونا کے خوف سے پولیس ملازمین اور عہدیدار بازار بند کرانے میں عوام کے درمیان نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔ شہر میں کرفیو کے دوران بھی پولیس کا کوئی چیک پوسٹ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ پولیس کی گشتی گاڑیوں میں صرف دو ملازمین دیکھے جارہے ہیں۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر پولیس ہجوم کے مقامات سے دوری اختیار کررہی ہے اور سائرن کے ذریعہ ہی دکانات بند کرنے کا اشارہ دیا جارہا ہے ۔