حیدرآباد۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے آج کہاکہ کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کے پیش نظر پولیس ملازمین کی صحت کا خاص خیال رکھنے کیلئے ہیلت مانیٹرنگ کوآرڈینیشن کمیٹیز تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے ریاست کے تمام پولیس کمشنران، انسپکٹر جنرل آف پولیس و سپرنٹنڈنٹس آف پولیس سے ویڈیو کانفرنس کے بعد بتایا کہ کوآرڈینیشن کمیٹیز پولیس کمشنریٹ اور اضلاع میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دفتر کی سطح پر قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹیز تشکیل دینے کا اہم مقصد یہ ہے کہ پولیس ملازمین کی صحت کا تحفظ اور ان کا خاص خیال رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں کئی واٹس ایپ گروپس قائم کئے جارہے ہیں تاکہ پولیس ملازمین کورونا وائرس پازیٹیو پائے جانے پر وہ پولیس اعلیٰ عہدیداروں سے راست طور پر ربط میں رہتے ہوئے اپنی صحت کے بارے میں اطلاعات فراہم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ساتھ متعلقہ اسٹیشن ہاوز آفیسرس اور ڈاکٹرس مثبت پائے جانے والے پولیس ملازمین کی رہبری کریں گے اور انہیں کوویڈ19 کے میڈیکل کٹس کے علاوہ ڈرائی فروٹس وغیرہ بھی فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے ریاست کے تمام پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تلنگانہ پولیس سے وابستہ ہر پولیس ملازمین کا ہیلت پروفائیل تیار کیا جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر اس کا بروقت استعمال کیا جاسکے۔