محکمہ پولیس میں 17 ہزار جائیدادیں مخلوعہ 16 ہزار کانسٹبلس ایک ہزار سب انسپکٹرس نئے زونس نئے اضلاع کے اساس پر تقررات

   

حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاست کے محکمہ پولیس میں 17 ہزار مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ اس کی تمام تفصیلات حکومت کو روانہ کردی گئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے چار آئی اے ایس عہدیداروں کی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے تمام محکمہ جات میں موجود مخلوعہ جائیدادوں پر رپورٹ تیار کرنے کی انہیں ذمہ داری دی گئی ہے ۔ چار رکنی کمیٹی نے محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا اور پہلے تیار کردہ رپورٹ کا جائزہ لینے پر پتہ چلا ہے کہ محکمہ پولیس میں تقریبا 16 ہزار پولیس کانسٹبلس اور ایک ہزار سے زائد سب انسپکٹرس کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں ( ٹی ایس ایل پی آر بی ) کی جانب سے گذشتہ سال ہی پولیس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کی تیاریاں کی گئی تھی تاہم نئے زونس ، نئے اضلاع کی تشکیل کی وجہ سے چند تکنیکی مسائل پیدا ہوئے تھے ۔ حکومت کی جانب سے تمام تکنیکی مسائل کو دور کیا گیا ہے ۔ جس کے بعد مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کے احکامات جاری ہونے کے بعد ہی ان 17 ہزار مخلوعہ جائیدادوں کے تقررات کا اعلامیہ جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ اس مرتبہ نئے زونس اور نئے اضلاع کے اساس پر تقررات ہوں گے ۔۔ ن