نوجوان، وزیراعظم مودی ، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور بنڈی سنجے سے ٹیوٹر پر مرکزی ملازمتوں پر استفسار کریں
حیدرآباد ۔18 اپریل ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ایک ہفتہ میں پولیس ملازمین کے تقررات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ حکومت نے 80ہزار جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں 20ہزار مخلوعہ جائیدادیں محکمہ پولیس میں ہیں ۔ ضلع سنگاریڈی محکمہ پولیس کی جانب سے پٹن چیرو میں انعقاد کئے جانے والے ایس آئی اور پولیس کانسٹبل جائیدادوں پر تقررات کیلئے تربیتی کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے یہ اعلان کیا ۔ وزیر فینانس نے ملازمتو ں کا طویل عرصہ سے انتظار کرنے والے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر بڑے پیمانے پر جو ملازمتیں حاصل ہورہی ہیں اُس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں ۔ والدین نے تم سے جو امیدیں وابستہ رکھی ہیں محنت اور جستجو سے پڑھائی کرتے ہوئے انہیں پورا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ صرف چند دن محنت کے بعد میں آرام کرنا ہے لہذا وقت کی قدر کیجئے اپنے مستقبل کو روشن بنایئے ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت نے مقامی عوام کو روزگار میں 95 فیصد تحفظات فراہم کیا ہے تاکہ مقامی عوام کے ساتھ مکمل انصاف کیا جاسکے ۔ ہریش راؤ نے مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی اور تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے سے استفسار کیا کہ مرکزی حکومت میں 15لاکھ جو مخلوعہ جائیدادیں ہیں ان پر کب تقررات کئے جائیں گے ۔ ساتھ ہی بنڈی سنجے پر زور دیا کہ وہ اپنی پدیاترا کے دوران اس کی عوام سے وضاحت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ بی جے پی کے صدر پدیاترا کیوں کررہے ہیں ، قیمتوں میں اضافہ کرنے ملازمتیں فراہم نہ کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے والوں کو پدیاترا کرنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ ذات پات ، مذہب کے درمیان نفرت پیدا کرتے ہوئے بی جے پی سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ ملازمتوں پر تقررات کیلئے نوجوان بی جے پی سے ہر جگہ سوالات کریں ۔ ٹیوٹر کے ذریعہ وزیراعظم نریندر مودی ، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے سے استفسار کرتے رہنے پر انہوں نے زور دیا ۔ ن