ریاستی وزیر پی مہیندر ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔8۔ ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر کانکنی پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں عمل کی جارہی ریت پالیسی ملک میں اپنی نوعیت کی منفرد پالیسی ہے جسے دیگر ریاستوں نے اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر کانکنی نے آج محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ سکریٹریٹ میں اجلاس منعقد کیا۔ چیف سکریٹری شانتی کماری ، ڈائرکٹر کانکنی کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ریاست میں کانکنی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا ۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ حکومت نے ریت کی منتقلی کے سلسلہ میں جو پالیسی تیار کی ہے ، اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔ محکمہ کانکنی کو جاریہ مالیاتی سال 2267 کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آمدنی میں اضافہ کرتے ہوئے 3884 کروڑ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پی مہیندر ریڈی نے بتایا کہ محکمہ میں 127 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے چیف منسٹر سے سفارش کی گئی ہے۔
انہوں نے محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے ریاست کی آمدنی میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی۔