محی الدین یٰسین ملائیشیا کے نئے وزیراعظم نامزد

,

   

آج حلف برداری، عہدے کی برقراری کا انحصار اعتماد کے ووٹ پر
کوالالمپور ۔29فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا کے سابق وزیرداخلہ محی الدین یٰسین کو ہفتہ کے روز ملائیشیا کے نئے وزیراعظم کے طورپر نامزد کیا گیا ہے ۔ سلطان عبد اللہ احمد شاہ نے ملک کے نئے وزیر اعظم کے طور پر محی الدین کی تقرری پر رضامندی کا اظہار کیا ہے،شاہی عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ اس طرح اب مہاتر محمد کی حکومت اختتام پذیر ہوگئی ۔ محی الدین یٰسین اتوار کے روز اپنے عہدہ اور رازداری کا حلف لیں گے ۔ شاہی محل سے جاری ایک بیان میں یہ توثیق کی گئی ۔ یاد رہے گزشتہ ہفتہ مہاترمحمد ( جن کی حکومت کو اصلاح پسند حکومت مانا جاتا ہے ) نے اچانک اپنے عہدہ سے مستعفی ہوکر ملک میں سیاسی بحران پیدا کردیا تھا۔ 72 سالہ محی الدین یسین اتوار کو نئے عہدہ کا حلف لیں گے تاہم اس کی برقراری کا انحصار پارلیمنٹ میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر ہوگا۔