مخالفین کو امید نہیں تھی کہ بی جے پی کو اتنے ووٹ ملیں گے :شاہنواز

,

   

سری نگر: بی جے پی کے قومی ترجمان اور جموں و کشمیر کے الیکشن انچارج سید شاہنواز حسین نے کہا ہے کہ مجھے جموں و کشمیر کے لوگوں پر فخر ہے کہ وہ رواں انتخابات میں ترقی کیلئے ووٹ ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہمارے خلاف متحد ہوگئے انہیں امید نہیں تھی کہ لوگ اس طرح ان انتخابات میں ووٹ ڈالیں گے یہی وجہ ہے کہ وہ پریشان ہوگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی جموں و کشمیر کو سیاحت کا مرکز بنانا چاہتی ہے تاکہ یہ روز گار دینے والا علاقہ بن جائے ۔موصوف ترجمان نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں پریس کلب میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر کے اندر ڈی ڈی سی انتخابات ہو رہے ہیں میں ان کا انچارج ہوں، مجھے جموں و کشمیر کے لوگوں پر فخر ہے کہ وہ ترقی کے لئے ووٹ ڈال رہے ہیں‘۔پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے موصوف انچارج نے کہا:جو لوگ ہمارے خلاف متحد ہوئے ہیں جنہیں ‘گپکار گینگ’ کہا جاتا ہے ، کو یہ امید نہیں تھی کہ ان انتخابات میں لوگ اس طرح ووٹ ڈالیں گے یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ پریشان ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا: ‘میں ان کو ‘گمراہ گینگ’ کہتا ہوں کیونکہ یہ لوگ خود بھی گمراہ ہیں اور لوگوں کو بھی گمراہ کر رہے ہیں اور لوگوں میں کنفیوژن پیدا کرنا ان کا کام ہے‘۔