مخالفین کیخلاف بی جے پی سی بی آئی کا استعمال کررہی ہے

   

Ferty9 Clinic

معاشی جرائم میں ملوث افراد کی پشت پناہی، کودنڈاریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔9 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس تادیبی کمیٹی کے صدرنشین ایم کودنڈاریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اپنے مخالفین کے خلاف سی بی آئی کا استعمال کررہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈاریڈی نے کہا کہ سی بی آئی سے دھمکاکر مخالفین کو بی جے پی میں شمولیت کے لیے مجبور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم کے ارکان راجیہ سبھا سی ایم رمیش، سوجنا چودھری، ٹی جی وینکٹیش نے سی بی آئی کے خوف سے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل جو قائدین معاشی جرائم میں ملوث تھے وہ بی جے پی میں شمولیت کے بعد الزامات سے بری ہوجائیں گے۔ کیوں کہ بی جے پی معاشی جرائم میں ملوث افراد کو بچارہی ہے۔ مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد ملک میں اقتدار اور سرکاری ایجنسیوں کے بیجا استعمال میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام بی جے پی سیاسی مخالفین کو کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں اور دیگر مالیاتی جرائم کا پتہ چلانے والے اداروں کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور غریبوں کے لیے مختلف وعدے کیے گئے تھے لیکن گزشتہ پانچ برسوں میں مودی حکومت نے وعدوں کو نظرانداز کردیا۔ کودنڈاریڈی نے کہا کہ بی جے پی کی موجودہ پالیسی عوام اور ملک کے حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں حالیہ عرصہ میں مختلف بلس کی منظوری کا حوالہ دیا اور کہا کہ بی جے پی نے اپوزیشن کی آواز کو نظرانداز کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر بلوں کو منظور کرلیا ہے۔ جمہوریت میں حکومت کو چاہئے کہ وہ اپوزیشن کی آواز کا احترام کرے۔