امدادی مراکز پر سینکڑوں فلسطینی ہلاک کردیئے گئے ہیں ،شہریوں کی سلامتی کو خطرہ
لندن ۔ 10 ستمبر (ایجنسیز) امریکی بائیکر گینگ کے ارکان کو غزہ میں امدادی مراکز پر سکیورٹی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے جبکہ یہ گینگ اسلام سے دشمنی کی تاریخ رکھتی ہے۔ بی بی سی کی جانب سے تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے۔ بی بی سی نیوز نے Infidels Motorcycle Club کے 10 ارکان کی شناخت کی تصدیق کی ہے جو غزہ ہیومانٹیرین فاونڈیشن کے مراکز پر سکیورٹی فراہم کرنے والی پرائیویٹ کمپنی یو جی سلیوشنس سے وابستہ ہیں۔ یہ بات قابل غور ہیکہ امدادی مراکز پر افراتفری کے مناظر بار بار دیکھنے میں آئے ہیں جہاں فائرنگ کی گئی جس کے نتیجہ میں سینکڑوں فلسطینی شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس گینگ کے کم از کم 7 ارکان سینئر پوزیشن کے حامل ہیں اور متنازعہ امدادی آپریشن کے مقامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ اس آپریشن کو اسرائیل اور ڈونالڈ ٹرمپ کی قیادت میںامریکی انتظامیہ کی تائید و حمایت حاصل ہے۔ یو جی سلیوشنس نے سکیورٹی کی اس اہم ذمہ داری کیلئے اپنے ملازمین کی قابلیت اور اہلیت کا دفاع کیا ہے اور کمپنی کا کہنا ہیکہ وہ جاب کیلئے درکار کارکردگی سے غیرمتعلقہ باتوں کے معاملہ میں لوگوں کی چھان بین نہیں کرتی ہے۔ غزہ ہیومانیٹرین فاونڈیشن نے کہا ہیکہ نفرت، امتیازانہ برتاؤ کے معاملہ میں اس کی پالیسی بالکل واضح ہے اور ایسی باتوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جاتا ہے۔ Infidels MC کی تشکیل 2006ء میں عراق جنگ کے امریکی ملٹری ویٹرنس نے عمل میں لائی تھی اور اس کے ارکان خود کو عصری عیسائی جنگجو سمجھتے ہیں اور صلیب کے نشان کو علامت کے طورپر استعمال کرتے ہیں۔