سیاسی مقصد براری اصل مقصد : بھٹی وکرامارکاکا بیان
حیدرآباد۔ 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ نظام آباد میں ریالی دراصل ٹی آر ایس اور مجلس کا ڈرامہ ہے۔ میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ’’گاندھی چاہئے یا گوڈسے‘‘ کے عنوان سے نظام آباد میں ریالی منظم کی جارہی ہے جو ٹی آر ایس اور مجلس کی سیاسی مقصد براری کے لیے ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کانگریس پارٹی ابتداء ہی سے شہریت قانون کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔ ملک بھر میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی قیادت میں احتجاج کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس نے این آر سی اور شہریت قانون کے خلاف احتجاج منظم کیا اور اس کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کے سی آر حقیقی معنوں میں سکیولر ہیں تو پھر انہوں نے 28 ڈسمبر کو ٹینک بنڈ پر ریالی کی اجازت کیوں نہیں دی۔ کانگریس پارٹی گاندھی جی کے نظریہ پر قائم ہے اور وہ دستور و سکیولرازم کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دے سکتی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ عوام مجلس اور ٹی آر ایس کی ڈرامہ بازی کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں اور وہ بھروسہ کرنے والے نہیں۔