مخالف تلنگانہ مجلس آج بی آر ایس کی حلیف بن گئی: کشن ریڈی

   

حیدرآباد۔6۔اپریل (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک میں بی جے پی نے اہم رول ادا کیا ۔ علحدہ ریاست کے لئے 1200 نوجوانوں نے اپنی جان کی قربانی دیں۔ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ علحدہ ریاست کے قیام سے صرف کے سی آر خاندان کو فائدہ ہوا ہے۔ عوام نے نئی ریاست سے جو توقعات وابستہ کی ہیں ، وہ مکمل نہیں ہوئیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ کے سی آر عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ پرچہ جات افشاء معاملہ میں بنڈی سنجے کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ پارٹی بنڈی سنجے کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی گرفتاری سے حکومت کے خلاف جدوجہد ختم نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ قانونی لڑائی کے ذریعہ بی جے پی انصاف حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے غداروں کا مرکز پرگتی بھون بن چکا ہے۔ تلنگانہ جہد کاروں کے خلاف مقدمات افسوسناک ہیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی مخالفت کرنے والی مجلس آج بی آر ایس کی حلیف بن چکی ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بنڈی سنجے کے معاملہ میں سیاسی اور قانونی دونوں سطح پر جدوجہد جاری رہے گی۔ ر