مخالف جمہوریت پالیسیوں سے ملک کا وقار تباہ

   

نارائن پیٹ میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا، ضلع صدر کانگریس کے سری ہری کا خطاب

نارائن پیٹ ۔ 7 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کا صدر ضلع کانگریس کمیٹی مسٹر کے سری ہری نے نارائن پیٹ مستقر کے گاندھی نگر اور حاجی خان پیٹ کے عوام سے ملاقات کے ذریعہ آغاز کیا ۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت ، اتحاد کے لئے مسٹر راہول گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا کا اہتمام کرکے ملک میں ایک تاریخ رقم کی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہمارا ملک تقسیم کے بعد ایسے نازک حالات سے کبھی نہیں گذرا ، ملک کی دولت چند سرمایہ داروں کے حوالے کردی گئی ہیں ، ملک کا غریب اور کسان نظرانداز کردیا گیا ہے ۔ انھوں نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ ہاتھ سے ہاتھ جوڑ کر مرکزی و ریاستی عوام دشمن حکومتیں اُکھاڑ پھینکیں ۔ یہ حکومتیں جمہوریت مخالف پالیسیوں کو اپناکر ملک کے وقار کو تباہ کررہی ہے ۔ انھوں نے اس موقع پر مرکزی حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک کتابچہ کی بھی تقسیم عمل میںلائی ۔ انھوں نے کہاکہ مرکز کی 9 سالہ ناقص حکومت نے اپنے دور حکومت میں ملک کو شدید معاشی بحران میں مبتلا کردیا ہے ۔ وہ ذات پات اور مذہب کے نام پر لوگوں کے بیج زہر بو رہے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ کے سی آر ریاست میں کسانوں ، بیروزگاروں اور دلتوں کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ انھوں نے اقلیتوں کے ساتھ بھی کئی وعدے کرتے ہوئے دھوکا دیا ہے ۔ انھوں نے یہ انتباہ دیا کہ کانگریس پارٹی بڑے پیمانے پر ایجی ٹیشن پروگرام شرو ع کریگی تاکہ لوگوں کو مزید دھوکہ نہ دیا جاسکے ۔ اس پروگرام میں ضلع پریشد کوآپشن ممبر جناب محمد غوث ، دھنواڑہ بلاک کانگریس صدر کجولہ شیوکمار ، دھنواڑہ منڈل صدر کاولی نرہری ، رکن بلدیہ نارائن پیٹ جناب محمد سلیم ، کانگریس ڈیویژن کے لیبر قائد مسٹر لکھی راگھو ، ضلع صدر بویا شرپنا ، سابق کونسلر بویا رمیش ، یوتھ قائدین کے سرینواس ، اکھل ریڈی ، سندیپ ، روی کمار ، گوردھن و دیگر موجود تھے ۔