مخالف حکومت لہر کے تحت کے سی آر کو شکست کی پیش قیاسی

   

مسلمانوں سے تحفظات پر دھوکہ دہی، سابق وزیر محمد علی شبیر کا الزام
حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سابق وزیر محمد علی شبیر نے پیش قیاسی کی ہے کہ مخالف حکومت لہر کے تحت چیف منسٹر کے سی آر کو کاماریڈی سے شکست ہوگی۔ محمد علی شبیر نے آج کاماریڈی کے مڈی کنٹہ سے انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے گھر گھر پہنچ کر عوام سے ملاقات کی اور کانگریس کی 6 ضمانتوں سے واقف کرایا۔ حکومت کے خلاف عوام میں زبردست لہر دیکھی جارہی ہے۔ کئی مواضعات میں مقامی رکن اسمبلی کو دورہ سے روک دیا گیا اور عوامی برہمی کا سامنا کرتے ہوئے رکن اسمبلی و بی آر ایس قائدین واپس ہونے پر مجبور ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر کو حکومت کے زوال کا یقین ہوچکا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ پرگتی بھون تک محدود ہوچکے ہیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کاما ریڈی کے رائے دہندوں کو کے سی آر کو سبق سکھانے کا موقع ہاتھ آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے ہر شعبہ کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے۔ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ فراموش کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کاماریڈی میں تمام طبقات متحدہ طور پر کانگریس کی تائید کررہے ہیں۔