مخالف حکومت ووٹ بی جے پی کو منتقل کرنے کی سازش: جگا ریڈی

   

کانگریس کو اقتدار سے روکنا بنیادی مقصد، بی جے پی قیادت کے اشارہ پر ٹی آر ایس کاربند
حیدرآباد۔20 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مخالف حکومت ووٹ بی جے پی کو منتقل کرنے کیلئے ٹی آر ایس کوشش کر رہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے ٹی آر ایس اور بی جے پی میں ملی بھگت کا الزام عائد کیا اورکہا کہ کانگریس کو برسر اقتدار آنے سے روکنے کیلئے مخالف حکومت ووٹ بی جے پی کو منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری میں ناکام ہوچکے ہیں۔ حکومت گزشتہ 8 برسوں میں ترقی کے بلند بانگ دعوے کر رہی ہے جبکہ حقیقت کچھ اور ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے مجوزہ دورہ تلنگانہ کے بعد ریاست میں کانگریس کا موقف مستحکم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا برسر اقتدار آنا یقینی ہے اور پارٹی قائدین متحدہ طورپر مساعی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں کسانوں کی پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت کی فراہمی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کسانوں کو چیف منسٹر کے سی آر کے بیانات پر بھروسہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جگا ریڈی نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ رامائم پیٹ واقعہ پر ردعمل ظاہر کریں اور خاطیوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کئے جائیں۔ر