این پی آر پر عمل سے ہر شہری کے ساتھ متعصبانہ رویہ متوقع ، حق گوئی پر کنال کمرا پر پابندیاں
حیدرآباد۔29 جنوری(سیاست نیوز) ملک میں این پی آر اگر ہوجاتا ہے تو ہر مخالف بھارتیہ جنتا پارٹی یا حق گو شہری کو کنال کمرا کی طرح حالات کاسامنا کرنا پڑے گا کیونکہ کنال کمرا نے رات ہوتے ہی پرائم ٹائم کے نام پر عوام میں منافرت پھیلانے والوں کے خلاف ایک مظاہرہ کیا اور انہیں نہ صرف ائیر لائنس بلکہ حکومت ‘ وزارت شہری ہوابازی ‘ بھارتیہ جنتا پارٹی ‘ مالک مکان اور دیگر کے عتاب کا شکار ہونا پڑرہا ہے۔ کنال کمرا نے گذشتہ شب انڈیگو ائیرلائنس کی فلائٹ میں ٹیلی ویژن چیانل پر ہنگامہ کرتے ہوئے بحث میں شامل سیاسی وغیرسیاسی مبصرین پر چلانے والے اینکر سے چند سوال کئے جس پر اینکر نے جواب تو نہیں دئیے لیکن فاشسٹ نظام نے کنال کمرا کے خلاف نفرت انگیز مہم شروع کردی اور ان کے فضائی سفر پر انڈیگو کی جانب سے 6ماہ کی پابندی عائد کئے جانے کے بعد انڈین ائیر لائنس نے بھی ان پر غیر معینہ مدت کی پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ ائیرانڈیا کے عہدیداروں کو مرکزی وزیر شہری ہوا بازی نے انڈیگو کی طرز پر کنال کمرا پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اتنا ہی نہیںحق کے لئے آواز اٹھانے والے کنال کو ان کے مالک مکان نے دوسرامکان تلاش کرلینے کا مشورہ دے دیا ہے اور کہا کہ وہ جتنا جلد ہوسکے ان کے موجودہ مکان سے تخلیہ کو یقینی بنائیں۔اس کے بعد کنال کمرا کو مختلف گوشوں سے نشانہ بنایا جانے لگا ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک قائد نے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اب کنال کمرا کا انجام دورنہیں ہے۔ مسٹر کنال کمراجو کہ ممتاز طنز و مزاح کے اسٹیج آرٹسٹ ہیں کی جانب سے کئے گئے اس عمل پر ان کے خلاف شروع کی گئی مہم سے اس بات کا اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ موجودہ فاشسٹ نظام کے پاس اگر ملک کے تمام شہریوں کا ڈاٹا آجائے تو وہ کیا کرسکتے ہیں۔ ماہرین کی رائے ہے کہ این پی آر پر عمل آوری کے ذریعہ جب حکومت کو تفصیلات حاصل ہوجائیں گی تو حکومت کی نگرانی میں ہر کسی کے ساتھ بلکہ ان کے ساتھ خاص طور پرایسا سلوک کیا جائے گا جو مخالف حکومت یا فاشسٹ نظام کے خلاف آواز اٹھانے والے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ این پی آر کی تفصیلات اکٹھا کرنے والوں کی جانب سے یہ ڈاٹا متعلقہ محکمہ کو فراہم کیا جائے گا اور متعلقہ ادارہ جو مردم شماری یا این پی آر کا سروے کرتا ہے وہ ادارہ وزارت داخلہ کے تحت آتا ہے اور ملک کے وزیر داخلہ امیت شاہ ہیں۔کنال کمرا نے اپنے کئے پر کسی بھی طرح کا افسوس نہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ ماحول میں مظلوم کے لئے آواز اٹھانی لازمی ہے اور انہوں نے روہت ویمولا کے لئے آواز اٹھائی ہے اور انہیں فخر ہے کہ وہ آواز اٹھانے والوں میں شمار کئے جا رہے ہیں۔