گوہاٹی : وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے متنازعہ تین زرعی قوانین سے دستبرداری کے اعلان کے بعد شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) سے بھی دستبرداری کے مطالبہ میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔ آسام کے بعض تنظیموں نے مخالف شہریت ترمیمی قانون احتجاج کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ ڈسمبر 2019ء میں سی اے اے کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا جو پرتشدد ہوگیا تھا۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ جن تنظیموں نے احتجاج دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ان میں آل آسام اسٹوڈنٹ یونین، کرشک مکتی سنگرام سمیتی اور دیگر شامل ہیں۔ آل آسام اسٹوڈنٹس یونین کے اڈوائزر سموجل کے بھٹاچاریہ نے بتایا کہ کسانوں کا مسلسل احتجاج اور کامیابی مخالف سی اے اے احتجاجیوں کیلئے سبق ہے۔