جیل میں رہتے ہوئے انتخاب جیتنے والے پہلے آسامی بن گئے
سب ساگر ( آسام ) جیل میں محروس مخالف سی اے اے کارکن اکھل گوگوئی پہلے آسامی بن گئے ہیں جنہوں نے جیل میں رہتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ۔ وہ انتخابی مہم میں بھی تک حصہ نہیں لے سکے تھے اور انہوں نے سب ساگر حلقہ سے جیت درج کی ہے ۔ انہوں نے اپنے مخالف بی جے پی امیدوار سوربھی راج کنواری کو 11,875 ووٹوں سے شکست دی ۔ اکھل گوگوئی نے حال میں نئی جماعت تشکیل دی تھی ۔ انہیں ڈسمبر 2019 میں غداری کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ انہوں نے جیل میں رہتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کیا ۔ انہیں جملہ 57,219 ووٹ حاصل ہوئے ۔ انہوں نے انتخابات میں تاہم آزاد امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا تھا ۔ اکھل گوگوئی ریاست میں آر ٹی آئی کارکن بھی رہے تھے ۔ انہوں نے جیل میں رہتے ہوئے عوام کے نام کئی خطوط بھی تحریر کئے جس کے ذریعہ انہوں نے ایک طرح سے اپنی مہم چلائی ہے ۔ حالانکہ سب ساگر حلقہ میں اکھل گوگوئی خود انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے پائے تھے لیکن ان کی 85 سالہ والدہ نے یہاں سرگرم مہم چلائی تھی اور شائد یہی وجہ رہیا کہ رائے دہندوں نے ان کے حق میں ووٹ دیا ۔