کوزیکوڈے (کیرالا)، 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا ریڈیو کی رائٹر اور پروگرام پروڈیوسر کے آر اندرا کے خلاف ان کے مخالف مسلم فیس بک پوسٹس پر شکایات درج کی گئی ہیں۔ انھوں نے آسام کے لوگوں کے تعلق سے ریمارکس کئے جو اپنی شہریت کھوچکے ہیں۔ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن کے اسٹیٹ جنرل سکریٹری بناس ٹی نے اندرا کے خلاف ایک شکایت ریاستی پولیس سربراہ لوکناتھ بہارا اور سائبرسل کے پاس درج کرائی۔ انھوں نے اپنی شکایت میں کہا: ’’اندرا نے اپنے فیس بک پوسٹ میں کہا کہ آسام کے لوگ جو اپنی شہریت نیشنل رجسٹر آف سٹیزن شپ کے قطعی مسودہ کی اشاعت کے بعد کھوچکے، انھیں رفیوجی کیمپوں میں رکھتے ہوئے ان کی نس بندی کردینا چاہئے۔‘‘