مخالف مسلم نعروں پر ڈپٹی کمشنر پولیس دہلی کو قومی اقلیتی کمیشن کی نوٹس

   

Ferty9 Clinic

کمیشن کے روبرو آج حاضر ہونے کی ہدایت

حیدرآباد۔9 ۔اگست (سیاست نیوز) قومی اقلیتی کمیشن نے ڈپٹی کمشنر پولیس نئی دہلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جنتر منتر پر منعقدہ بھارت جوڑو تحریک پروگرام میں مخالف مسلم نعرہ بازی پر وضاحت طلب کی ہے ۔ کمیشن کے نائب صدرنشین عاطف رشید کی ہدایت پر کمیشن کے ڈائرکٹر اے دھنا لکشمی نے ڈپٹی کمشنر پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے ۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارت جوڑو تحریک کے نام پر جنتر منتر پر منعقدہ پروگرام میں مسلمانوں کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ کمیشن نے اس معاملہ کا از خود نوٹ لیتے ہوئے کارروائی کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس کو ہدایت دی گئی کہ وہ 10 اگست کو دوپہر 12 بجے کمیشن کے روبرو پیش ہوکر اپنی رپورٹ داخل کریں۔ پولیس سے سوال کیا گیا ہے کہ مخالف مسلم نعرہ بازی کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ۔ اس سلسلہ میں کوئی گرفتاری ہوئی ہے تو وضاحت کی جائے کہ کن دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ قومی اقلیتی کمیشن نے جلسہ عام کے انعقاد اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق پولیس سے وضاحت طلب کی ہے ۔