مخالف پارٹی سرگرمیوں پر کانگریس کے 6 قائدین خارج

   

حیدرآباد ۔ 18۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس کمیٹی نے 6 قائدین کو مخالف پارٹی سرگرمیوں پر پارٹی سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا ۔ صدرنشین تادیبی کارروائی کمیٹی ایم کودنڈا ریڈی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے 6 قائدین کی مخالف پارٹی سرگرمیوں کے بارے میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے ثبوت ملنے اور قائدین کی شکایت کے بعد خارج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان قائدین میں آرے پلی موہن سابق رکن اسمبلی و صدرنشین پی سی سی ایس سی ڈپارٹمنٹ ، شریمتی رمیا راؤ پی سی سی ترجمان ، ایم کریشنک پی سی سی ترجمان ، نریش جادھو سابق کارگزار صدر عادل ضلع کمیٹی، ایس باپو راؤ سابق رکن اسمبلی اور پی کارتک ریڈی امیدوار لوک سبھا 2014 ء حلقہ چیوڑلہ شامل ہیں۔ اسی دوران محبوب نگر ضلع کمیٹی کی سفارش پر شیو کمار ریڈی (نارائن پیٹ) کے پارٹی سے اخراج سے متعلق فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے۔