مخالف کرپشن جہد کار سرینواس کا کورونا سے دیہانت

   


حیدرآباد: تلنگانہ میں مخالف کرپشن جہد کار اور لوک ستہ پارٹی کے صدر ضلع کریم نگر این سرینواس کا کورونا کے سبب دیہانت ہوگیا ۔ سرینواس گزشتہ 15 دن قبل کورونا سے متاثر ہوئے تھے جنہیں علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا ۔ سرینواس اور ان کی اہلیہ مدھو کا یکم فروری کو کورونا ٹسٹ کیا گیا اور وہ پازیٹیو پائے گئے۔ اہلیہ کا ہوم آئسولیشن کے تحت علاج جاری ہے جبکہ سرینواس کو ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا تھا۔ پھیپھڑوں کے 80 فیصد تک متاثر ہوجانے کے سبب انہیں آکسیجن پر رکھا گیا ۔ رشتہ داروں نے حیدرآباد منتقل کرنے کی کوشش کی لیکن آکسیجن کی سطح میں کمی بیشی کے سبب ممکن نہ ہوسکا ۔ حضور آباد منڈل سے تعلق رکھنے والے سرینواس نے کریم نگر میں تعلیم حاصل کی اور یونین بینک میں برانچ مینجر کی حیثیت سے خدمات انجام دی۔ وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد انہوں نے لوک ستہ کے بیانر تلے کرپشن کے خلاف مہم شروع کی تھی ۔ انہوں نے کئی معاملات بالخصوص غیر قانونی فینانسنگ کے کیسس میں متاثرین کے حق کیلئے جدوجہد کی۔ کریم نگر کنزیومر فورم کے صدر کی حیثیت سے سرینواس نے کئی مقدمات دائر کئے تھے۔