لندن: عالمی وباکورونا وائرس سے تحفظ کیلئے لگائے جانے والے ٹیکہ کیخلاف لندن میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں نے مظاہرے کرتے ہوئے بی بی سی کے اسٹوڈیو پر دھاوا بول دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن میں کورونا ویکسین مخالف مظاہرین نے احتجاج کیا، مشتعل مظاہرین ویکسین پاسپورٹ اوربچوں کوویکسین لگانے کیخلاف نعرے بازی کررہے تھے ، مظاہرین کا موقف تھا کہ سفرکیلئے پاسپورٹ کیساتھ ویکسین کومشروط قرار دینا سراسر زیادتی ہے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین کی پولیس سے جھڑپ ہوئی، اسی دوران چند مشتعل مظاہرین نے وائٹ سٹی میں بی بی سی کے سابق ہیڈ کوارٹر پر دھاوا بولنے کی کوشش کی۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے درجنوں مظاہرین احتجاج کرتے ہوئے ٹیلی ویژن سنٹر میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ پولیس افسران نے روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ احتجاج کرنے والے مظاہرین نے کہا کہ میڈیا نے ویکسین اور لاک ڈاؤن کے بارے میں کئی سازشی نظریات کو فروغ دیا، فساد کی جڑ میڈیا ہے ، اسے ختم کرنا ہوگا۔واقعہ سے متعلق میٹرو پولیٹن پولیس نے بیان جاری کیا کہ ہم مظاہرین کے گروہ سے آگاہ ہیں اور ان پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں، اس وقت وہ وائٹ سٹی کے ووڈ لین میں تجارتی احاطے میں موجود ہیں، ابھی تک کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے ، جائے وقوعہ پر افسران موجود ہیں اور حالات کا مشاہدہ کررہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہیکہ احتجاج کا مقصد بی بی سی کی کورونا کی کوریج ہے ، وائٹ سٹی سائٹ اب بی بی سی نیوز اسٹوڈیو آفس نہیں ہے ، بی بی سی آٹھ سال قبل وسطی لندن میں براڈکاسٹنگ ہاؤس منتقل ہوئی تھی جب پبلک براڈ کاسٹر نے اپنے ٹیلی ویژن سینٹر ہیڈ کوارٹر کو بند کر دیا تھا۔