مختارانصاری آئی سی یو میں زیرعلاج

   

جیل میں زہر دینے کا الزام‘جیل انتظامیہ کی تردید
باندہ : مختار انصاری کو قبض اور یورین انفیکشن کی شکایت پر ہاسپٹل لیجایا گیا ۔پیر کی رات دیر گئے مختار کی طبیعت خراب ہونے کے بعد جیل انتظامیہ نے ڈاکٹروں کو طلب کیا تھا۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد مختار کو میڈیکل کالج کے آئی سی یو میں داخل کرنے کا مشورہ دیا۔ اس واقعہ کے بعد یو پی کی باندہ جیل میں ہلچل مچ گئی۔ ابتدائی طور پر اطلاع ملی تھی کہ مختار انصاری کو گھبراہٹ اور سینے میں درد کی وجہ سے داخل کیا گیا تھا لیکن اب نئی معلومات موصول ہوئی ہیں کہ مختار انصاری کو قبض اور یورین انفیکشن کی شکایت تھی۔ دو روز قبل مختار انصاری کے حفاظتی انتظامات میں غفلت برتنے پر ایک جیلر اور دو ڈپٹی جیلروں کو معطل کیا گیا تھا۔قبل ازیں، مختار انصاری نے الزام لگایا تھا کہ انہیں جیل میں ’سلو پوائزن‘ (ہلکا زہر) دیا گیا تھا جس کی وجہ سے ان کی طبیعت خراب ہو گئی۔ انہوں نے بتا یا کہ40 دن پہلے بھی ان کے کھانے میں زہریلی چیز ملائی گئی تھی۔اس کے بعد عدالت نے مختار کے چیک اپ کے لیے دو ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کو جیل بھیج دیا ۔ ٹیم نے چیک اپ کے بعد خون کا ٹیسٹ کروایا۔ رپورٹ آئی تو قبض اور درد کی کچھ دوائیں بھی دی گئیں۔ڈاکٹروں نے جیل انتظامیہ کو بتایا کہ ایسا روزے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔