مختار انصاری کا مبینہ شوٹر جمشید پور انکاؤنٹر میں ہلاک

   

رانچی: یوپی ایس ٹی ایف اور جھارکھنڈ پولس کی مشترکہ ٹیم نے جمشید پور میں ایک انکاؤنٹر میں مقتول رکن پارلیمنٹ مختار انصاری کے مبینہ شوٹر انوج کنوجیا کو ہلاک کر ڈالا۔ پولیس کے مطابق انوج کنوجیہ اتر پردیش سے فرار ہو کر جھارکھنڈ کے جمشید پور میں چھپا ہوا تھا۔ انوج کے خلاف قتل، ڈکیتی، بھتہ خوری اور غنڈہ گردی سمیت دو درجن سے زائد مقدمات درج تھے۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ انوج کنوجیا گووند پور میں چھپا ہوا تھا۔ یوپی پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ انوج کنوجیا اس وقت جھارکھنڈ کے جمشید پور میں رہ رہا ہے۔ یوپی اے ٹی ایس حکام نے بتایا کہ لوکیشن پتہ کرنے کے بعد جھارکھنڈ اے ٹی ایس کی مدد سے پولیس ٹیم انوج کو گرفتار کرنے کے لیے ہفتہ کی دیر رات جمشید پور کے گووند پور کے قریب جنتا مارکیٹ پہنچی اور اسے گھیر لیا تو انوج نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے اسے باہر نکلنے کی تنبیہ کی لیکن اس نے پولیس پر فائرنگ جاری رکھی۔ فائرنگ میں اتر پردیش پولیس کے ڈی ایس پی دھرمیندر کمار شاہی کو گولی لگ گئی۔ اس کے بعد پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس میں انوج کنوجیا مارا گیا۔ انوج کنوجیا پر ڈھائی لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ انکاؤنٹر کے بعد پولیس نے انوج کے ٹھکانے سے بہت سے ہتھیار اور قابل اعتراض چیزیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔