مظفر نگر( اترپردیش)۔14؍جولائی ( ایجنسیز) میرٹھ ایس ٹی ایف نے مختار انصاری گینگ کے شارپ شوٹر شاہ رخ پٹھان کو ایک انکاؤنٹر میں ہلاک کر دیا ہے۔ شاہ رخ مظفر نگر کا رہنے والا تھا۔ یہ تصادم پیر کی صبح چھپر تھانہ علاقے کے روہانہ روڈ پر ہوا جس میں موقع سے ایک کار، پستول اور بڑی مقدار میں کارتوس برآمد ہوئے۔ایس ٹی ایف کو ان پٹ ملا تھا کہ شوٹر شاہ رخ پٹھان مظفر نگر میں موجود ہے۔ اس کے بعد ٹیم نے اس کا محاصرہ کر لیا۔ خود کو گھیرے میں دیکھ کر شاہ رخ نے گاڑی سے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ ایس ٹی ایف کی جوابی کارروائی میں شاہ رخ مارا گیا۔ اس تصادم کے بعد نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔شاہ رخ کے خلاف ڈکیتی، قتل اور گینگسٹر ایکٹ کے 12 سے زائد سنگین مقدمات درج ہیں۔ وہ تقریباً ڈیڑھ سال سے مفرور تھا۔ شاہ رخ پیسے لے کر قتل اور دیگر گھناؤنے جرائم کرتا تھا۔ وہ سنجیو جیوا گینگ کا رکن بھی تھا۔2015 میں شاہ رخ نے مظفر نگر ریلوے اسٹیشن پر آصف زائدہ نامی قیدی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جو بجنور جیل سے عدالت میں پیشی کیلئے آیا تھا۔ اس کے بعد شاہ رخ عدالت میں پیش ہوا اور جیل گیا اور پھرپولیس کی حراست سے فرار ہوگیا تھا۔فرار ہونے کے بعد شاہ رخ نے 2017 میں ہریدوار میں کمبل کے تاجر گولڈی کو قتل کر دیا تھا، اسی سال اس نے آصف کے والد کو بھی قتل کر دیا تھا جو آصف زائدہ قتل کیس کے گواہ تھے۔ اس واقعے کے بعد اس پر 50 ہزار انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔بعد میں اسے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا اور گولڈی قتل کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔شاہ رخ مجرم بننے سے پہلے پنکچر کی دکان چلا تا تھا۔