ہائی کمان میرے ساتھ ، حکومت کو غیر مستحکم کرنے بی جے پی اور بی آر ایس کی سازش، سالگرہ پر میڈیا سے بات چیت
حیدرآباد ۔8۔نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی آر ایس دور حکومت کے مختلف اسکامس کی تحقیقاتی رپورٹ موصول ہونے کے بعد کارروائی کا اشارہ دیا ہے ۔ سالگرہ کے موقع پر مختلف میڈیا اداروں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے گزشتہ 11 ماہ کی کارکردگی کا احاطہ کیا۔ انہوں نے کا کہ وہ سیاسی انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتے اور تحقیقاتی رپورٹس کے وصول ہونے کے بعد کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کا مقصد ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس میں تلنگانہ میں کانگریس حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کی تھی لیکن انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ حیڈرا سے متعلق عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ کے معاملہ میں قدم پیچھے ہٹانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ حیڈرا کو جو ذمہ داری دی گئی ہے ، اس کی تکمیل کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جھیلوں اور تالابوں کے تحت 11,000 غیر مجاز تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ریاست کی معاشی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کمزور معاشی موقف کے باوجود 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کرچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی آمدنی اور خرچ میں 12 ہزار کروڑ کا فرق ہے۔ اگر ریاست کی آمدنی 30,000 کروڑ تک پہنچتی ہے تو ایسی صورت میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر کسی رکاوٹ کے بغیر عمل آوری ممکن ہے۔ بی آر ایس کو نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ کے سی آر کی پالیسی یہی ہے کہ اقتدار ملنے اس کا بیجا استعمال کریں اور اقتدار سے محرومی کے بعد حکومت کو نشانہ بنائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راہول گاندھی نے اقتدار کے بغیر بھی تقریباً 11 سال سے دن رات عوام کے درمیان ہیں اور ملک میں فرقہ پرستی اور نفرت کی سیاست کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ ہائی کورٹ سے بہتر تعلقات کا دعویٰ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے اختلافات کی خبروں کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کمان کی حکومت کو مکمل تائید حاصل ہے ۔ وزیر مال سرینواس ریڈی کی جانب سے جلد ہی سیاسی بم دھماکوں سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ سرینواس ریڈی کے سیاسی بم سے واقف نہیں ہے تاہم اتنا ضرور کہیں گے کہ بدعنوانیوں کے ثابت ہونے کے بعد سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی تبدیلی کے بارے میں بی جے پی کے فلور لیڈر مہیشور ریڈی بیانات دے رہے ہیں۔ یہ دراصل ان کی خواہش ہے حقیقت میں کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ پر بہر صورت عمل کیا جائے گا ۔ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل انصاف ہوگا۔ چیف منسٹر نے کالیشورم ، برقی خریدی معاہدات ، فون ٹیاپنگ اور ای ریسنگ جیسے معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کی جانچ جاری ہے اور تحقیقاتی رپورٹ ملنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومت نہ صرف اپنی میعاد مکمل کرے گی بلکہ دوسری میعاد میں بھی برسر اقتدار آئے گی۔ 1